صوفی مکتبِ دانش

صوفی مکتبِ دانش ایک تعلیمی اردو ویب سائٹ ہے جہاں جماعت نہم اور جماعت دہم کے لیے اردو نثر، نظم اور قواعد کے مکمل، معیاری اور امتحان دوست نوٹس فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ تخلیقی تحریر، شعر و شاعری، غزل، نظم اور ادبی ذوق کی آبیاری کا باقاعدہ انتظام موجود ہے۔

Monday, May 4, 2026

نمونہ تبصرہ نگاری بعنوان جشنِ آزادی منانے کے تقاضے

سوال: فیصل آباد میں جشن آزادی کے موقع پر ون ویلنگ اور سائیلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے پر 800 سے زائد موٹر سائیکل بند ، جب کہ 50 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ ٹریفک حادثات میں 150 سے زائد نوجوان زخمی ہو کر اسپتال پہنچ گئے ۔ حادثات میں چار افراد جاں بحق ہو گئے ۔  (خبر روزنامہ  جنگ)

درج بالا خبر کے پس منظر میں تبصرہ تحریر کرتے ہوئے درج ذیل نکات شامل تحریر کیجیے :

·       قومی تہوار / ایام منانے کے تقاضے بیان کیجیے۔

·       موٹر سائیکل سواروں کی بے احتیاطی کی وجہ سے نقصان کی نوعیت بیان کیجیے۔

·       اس قسم کی حرکات سے دیگر لوگوں کو پہنچنے والی پریشانی کا ذکر کیجیے۔

·       حکومتی اداروں یا انتظامیہ کے لیے کوئی مشورہ / تجویز  دیجیے۔

جواب:

جشنِ آزادی ایک اہم قومی دن ہے جسے خوشی کے ساتھ ساتھ ذمہ داری سے منانا چاہیے۔ اس موقع پر ہمیں نظم و ضبط، قانون کی پابندی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، نہ کہ خطرناک حرکات کے ذریعے اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں ڈالنا چاہیے۔

موٹر سائیکل سواروں کی بے احتیاطی، جیسے ون ویلنگ اور سائیلنسر نکال کر گاڑی چلانا، سنگین حادثات کا سبب بنتی ہے۔ اس سے نہ صرف خود سوار زخمی ہوتے ہیں بلکہ قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوتا ہے، جیسا کہ مذکورہ خبر میں ظاہر ہے۔

ایسی حرکات سے عام شہریوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شور، تیز رفتاری اور ہلڑ بازی سے سڑکوں پر خوف و ہراس پھیلتا ہے اور ٹریفک کا نظام متاثر ہوتا ہے۔

لہٰذا حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے اور عوام میں شعور اجاگر کرے تاکہ قومی تہوار کو مہذب اور محفوظ انداز میں منایا جا سکے۔


Friday, May 1, 2026

دوست کے نام خط بعنوان: وطن سے محبت اور فوج کی اہمیت

 سوال: آپ کا ایک دوست پاک فوج کے مخالف خیالات رکھتا ہے، اسے خط لکھیے اور وطن سے محبت فوج کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے نصیحت کیجیے۔

جواب: دوست کے نام خط        بعنوان: وطن سے محبت اور فوج کی اہمیت

امتحانی مرکز

۸ مئی ۲۰۲۲ء

پیارے دوست!

السلام علیکم!

امید ہے کہ تم بہ فضلِ خدا خیریت سے ہوگے۔ میں بھی یہاں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بخیر ہوں۔ آج میں تم سے ایک نہایت اہم موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرنا چاہتا ہوں، اور وہ ہے وطن سے محبت اور ہماری فوج کی عظمت۔

میرے عزیز! وطن کی محبت ایک مقدس جذبہ ہے جو انسان کو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے پر آمادہ کرتا ہے۔ ہمارے وطنِ عزیز کی سلامتی اور بقا کا انحصار ایک مضبوط، منظم اور باصلاحیت فوج پر ہے، جو ہر لمحہ سرحدوں کی حفاظت میں مصروفِ عمل رہتی ہے۔ ہماری فوج بہادری، ایثار اور قربانی کی روشن مثال ہے۔

اسی جذبے کی ترجمانی ایک معروف شعر میں یوں کی گئی ہے:

اے راہِ حق کے شہیدو! وفا کی تصویرو

تمہیں وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں

یہ شعر اُن بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے جو اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔

تاریخ اس امر کی گواہ ہے کہ جب کسی ملک کی فوج کمزور پڑ جائے تو دشمن اسے آسانی سے نشانہ بنا لیتے ہیں۔ ملک عراق کی مثال ہمارے سامنے ہے، جہاں فوجی کمزوری اور اندرونی انتشار نے بیرونی طاقتوں کو مداخلت کا موقع دیا، اور ملک شدید بدامنی کا شکار ہو گیا۔ اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ ایک مضبوط فوج کسی بھی ملک کی بقا کے لیے ناگزیر ہے۔

لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی فوج سے محبت کریں، ان کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور اپنے وطن کی ترقی و استحکام میں اپنا کردار ادا کریں۔

اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو ہمیشہ امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے اور ہماری فوج کو مزید قوت و استقامت عطا فرمائے۔

امید ہے تم میرے خیالات سے اتفاق کرو گے اور جلد اپنے تاثرات سے آگاہ کرو گے۔

والسلام

تمہارا دوست

(ا۔ب۔ج)

 


Tuesday, April 28, 2026

تصویری کہانی بعنوان آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے نقصانات



 عنوان: اندھا اعتماد

سرسبز وادی کے کنارے ایک چھوٹا سا گاؤں آباد تھا جہاں سادہ لوح لوگ اپنی روزمرہ زندگی میں مگن رہتے تھے۔ اسی گاؤں میں حارث نامی ایک نوجوان رہتا تھا جو فطرت سے بہت متجسس تھا مگر جلد بازی میں فیصلے کرنے کی عادت بھی رکھتا تھا۔

ایک دن حارث کھیتوں کی سیر کر رہا تھا کہ اس کی نظر ایک عجیب و غریب سفید مشروم پر پڑی۔ اس نے اسے توڑ لیا اور سوچنے لگا،

"یہ تو بڑا خوبصورت ہے، شاید کھانے کے قابل بھی ہو!"

اسی وقت اس کا دوست سلمان وہاں آ پہنچا۔

سلمان نے حیرانی سے پوچھا،

"حارث! کیا تمہیں یقین ہے کہ یہ مشروم کھانے کے قابل ہے؟"

حارث نے لاپرواہی سے جواب دیا،

"کیوں نہیں؟ دیکھنے میں تو بالکل ٹھیک لگ رہا ہے۔"

سلمان نے سنجیدگی سے کہا،

"ہر خوبصورت چیز فائدہ مند نہیں ہوتی۔ احتیاط ضروری ہے۔"

مگر حارث نے اس کی بات نظرانداز کر دی۔ اسی دوران گاؤں میں ایک نیا مصنوعی ذہانت والا روبوٹ (اے آئی) آیا ہوا تھا جسے لوگ مختلف سوالات کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ حارث فوراً اس کے پاس گیا اور مشروم دکھاتے ہوئے پوچھا،

"کیا یہ مشروم کھانے کے قابل ہے؟"

روبوٹ نے مسکرا کر جواب دیا،

"جی ہاں!"

یہ سن کر حارث خوش ہو گیا اور فوراً اسے پکانے کا ارادہ کیا۔ سلمان نے پھر روکتے ہوئے کہا،

"صرف ایک جواب پر بھروسہ نہ کرو، کسی ماہر سے بھی پوچھ لو!"

حارث نے ہنستے ہوئے کہا،

"تم تو ہر بات میں ڈر جاتے ہو!"

چند گھنٹوں بعد حارث نے مشروم کھا لیا۔ مگر کچھ ہی دیر میں اس کی طبیعت خراب ہونے لگی۔ وہ تڑپتے ہوئے بولا،

"سلمان... لگتا ہے میں نے غلطی کر دی…"

سلمان فوراً اسے حکیم کے پاس لے گیا، مگر زہر بہت تیز تھا۔ حارث جانبر نہ ہو سکا۔

اگلے دن گاؤں میں ایک خاموشی چھا گئی۔ قبرستان میں ایک نئی قبر بنی، جس پر لکھا تھا:

"مرحوم بے احتیاطی کا شکار"

سلمان افسردہ کھڑا تھا اور آہستہ سے بولا، "کاش تم نے میری بات مان لی ہوتی"

اسی دوران وہی اے آئی روبوٹ قریب کھڑا تھا، اس کے چہرے پر اداسی تھی۔ اس نے دھیمی آواز میں کہا،

"میں صرف معلومات دیتا ہوں، مگر صحیح اور غلط کا فیصلہ انسان کو خود کرنا چاہیے۔"

سبق:

یہ کہانی ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ

اندھا اعتماد ہمیشہ نقصان دہ ہوتا ہے۔

ہر معلومات پر بغیر تحقیق کے یقین نہیں کرنا چاہیے۔

احتیاط اور مشورہ زندگی بچا سکتا ہے۔

دانش مندی یہ ہے کہ انسان عقل، تجربہ اور تحقیق تینوں کو ساتھ لے کر چلے۔

Thursday, March 12, 2026

خاکہ دیکھ کر کہانی لکھنا



 عنوان: اپنوں کی فکر، اپنے سے بےخبر

ایک دفعہ کا ذکر ہے کہ چار دوست احمد، بلال، کامران اور دانش۔ اسکول کے بعد ایک کمرے میں بیٹھے رنگ برنگے بلاکس سے قلعے بنانے کا مقابلہ کر رہے تھے۔ کمرے میں جوش و خروش کا عجیب سماں تھا۔ ہر لڑکا پوری توجہ کے ساتھ اپنے قلعے کو خوبصورت اور مضبوط بنانے میں لگا ہوا تھا۔

احمد نہایت احتیاط سے بلاکس جوڑ رہا تھا، بلال مضبوط بنیاد بنانے میں مصروف تھا اور کامران اپنے قلعے کو سب سے اونچا بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ مگر دانش کا حال کچھ مختلف تھا۔ وہ اپنے قلعے کی طرف کم اور دوسروں کے کام کی طرف زیادہ متوجہ تھا۔

جب احمد کوئی بلاک لگاتا تو دانش فوراً لپک کر کہتا،

"ارے بھائی! یہ بلاک یہاں نہیں، ذرا دائیں طرف لگاؤ، ورنہ قلعہ گر جائے گا!"

بلال کی طرف دیکھ کر وہ بولتا،

"دیکھو! تمہاری بنیاد کچھ کمزور لگ رہی ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ 'اونٹ کے منہ میں زیرہ' ثابت ہو۔"

کامران کو بھی وہ بار بار مشورے دیتا،

"ذرا آہستہ! اگر یہ بلاک گر گیا تو ساری محنت ضائع ہو جائے گی!"

یوں لگتا تھا جیسے دانش سب کا استاد بن گیا ہو۔ وہ ایک سے دوسرے کے پاس دوڑتا پھرتا اور مشوروں کی بارش کرتا رہتا۔ ادھر وقت خاموشی سے گزرتا رہا۔

کچھ دیر بعد مقابلے کا وقت ختم ہونے کا اعلان ہوا۔ سب نے اپنے اپنے قلعے دیکھے۔ احمد کا قلعہ نہایت مضبوط اور خوبصورت تھا، بلال کی عمارت بلند اور شاندار تھی جبکہ کامران کا قلعہ سب سے اونچا اور دلکش نظر آ رہا تھا۔

مگر جب دانش نے اپنی طرف دیکھا تو اس کے چہرے کا رنگ بدل گیا۔ اس کے سامنے چند بکھرے ہوئے بلاکس اور ایک آدھی ادھوری دیوار کے سوا کچھ نہ تھا۔ وہ دوسروں کو مشورے دیتا رہا اور خود کے لیے وقت ہی نہ نکال سکا۔ واقعی اس کے ساتھ "چراغ تلے اندھیرا" والا معاملہ ہو گیا تھا۔

اس کے دل میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔ وہ آہستہ سے بولا،

"کاش میں نے دوسروں کو سمجھانے کے بجائے اپنے کام پر توجہ دی ہوتی… مگر اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت!"

اس واقعے نے دانش کو ایک بڑا سبق سکھایا۔ اسے احساس ہوا کہ دوسروں کی مدد کرنا اچھی بات ہے، لیکن اگر انسان اپنی ذمہ داریوں کو بھول جائے تو آخرکار نقصان اسی کا ہوتا ہے۔

سبق:

دوسروں کی خیر خواہی ضرور کریں، مگر اپنی محنت اور مقصد کو کبھی نظر انداز نہ کریں۔


کہانی کا ایک اور نمونہ

ایک دن اسکول میں سالانہ امتحانات قریب آ رہے تھے۔ ہماری جماعت کے بیشتر طلبہ بڑی محنت سے تیاری کر رہے تھے۔ انہی دنوں میرے تین دوست احمد، بلال اور کامران اپنی پڑھائی میں پوری توجہ لگا رہے تھے، مگر چوتھا دوست دانش کچھ مختلف انداز رکھتا تھا۔

دانش نہایت ملنسار اور ہمدرد لڑکا تھا۔ اسے دوسروں کی مدد کرنے میں بہت خوشی محسوس ہوتی تھی۔ جب احمد کسی مشکل سوال میں الجھ جاتا تو دانش فوراً اس کے پاس پہنچ جاتا اور بڑی تفصیل سے اسے سمجھانے لگتا۔ بلال کو بھی اگر کسی مضمون میں دشواری پیش آتی تو دانش فوراً اس کی رہنمائی کرتا۔ کامران کو بھی وہ بار بار مشورے دیتا کہ کس طرح نوٹس تیار کرنے چاہئیں اور امتحان کی تیاری کیسے بہتر ہو سکتی ہے۔

یوں لگتا تھا جیسے دانش پوری جماعت کا استاد بن گیا ہو۔ وہ دوسروں کو سمجھانے اور رہنمائی کرنے میں اس قدر مصروف رہتا کہ اسے اپنی پڑھائی کی طرف توجہ دینے کا موقع ہی نہ ملتا۔ اس کے دوست اس کی مدد سے فائدہ اٹھاتے رہے اور اپنی تیاری مکمل کرتے گئے۔

وقت گزرتا گیا اور امتحانات کا دن آ پہنچا۔ احمد، بلال اور کامران اعتماد کے ساتھ امتحان دینے بیٹھے کیونکہ انہوں نے بھرپور تیاری کی ہوئی تھی۔ دوسری طرف دانش جب سوالیہ پرچہ دیکھنے لگا تو اس کے چہرے پر پریشانی کے آثار نمایاں ہو گئے۔ بہت سے سوالات ایسے تھے جن کی اسے مکمل تیاری نہیں تھی۔

امتحان کے بعد جب نتائج کا اعلان ہوا تو احمد، بلال اور کامران نے بہت اچھے نمبر حاصل کیے۔ مگر دانش کے نمبر توقع سے کہیں کم تھے۔ اس وقت اسے شدت سے احساس ہوا کہ وہ دوسروں کی فکر میں اس قدر مصروف رہا کہ اپنی ذمہ داری کو نظر انداز کر بیٹھا۔ واقعی اس کے ساتھ "چراغ تلے اندھیرا" والا معاملہ پیش آ گیا تھا۔

یہ واقعہ ہمیں ایک اہم سبق دیتا ہے کہ دوسروں کی مدد کرنا یقیناً ایک اچھی صفت ہے، لیکن انسان کو اپنی ذمہ داریوں اور اپنے مقصد کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔ اگر انسان ہمیشہ دوسروں کے کام میں مگن رہے اور اپنے کام کو نظر انداز کر دے تو آخرکار نقصان اسی کا ہوتا ہے۔

Saturday, March 7, 2026

کہانی اکلوتے موبائل فون کی آپ بیتی

کہانی : اکلوتے موبائل فون کی آپ بیتی 



میں، ایک اکلوتا موبائل فون، جب پہلی بار گھر آیا تو سب کی نظروں کا مرکز بن گیا۔ ایک دم مجھے لگا کہ جیسے میں کوئی "سیلیبرٹی" ہوں۔ سب میری طرف ایسے دیکھتے جیسے میں کوئی قیمتی خزانہ ہوں۔ بس وہ دن اور آج کا دن، میں گھر کے ہر فرد کے ہاتھوں کا کھلونا بن چکا ہوں۔

صبح میری کہانی کچھ یوں شروع ہوتی ہے کہ سبھی اپنے اپنے کام کا بہانہ بنا کر مجھے حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ امی کہتی ہیں، "بیٹا، ذرا موبائل دینا۔ مجھے گروسری لسٹ دیکھنی ہے۔" جیسے ہی وہ واٹس ایپ کھولتی ہیں، انہیں فوراً ہی "فیملی گروپ" کی پوسٹس دیکھنے کا خیال آ جاتا ہے، اور پھر تو یہ سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لیتا۔ گروسری کی لسٹ کہیں پیچھے رہ جاتی ہے، اور میری بیٹری، واٹس ایپ میسجز کے بوجھ تلے دبی رہتی ہے۔

ابھی میں امی کے ہاتھ سے نکلا ہی ہوتا ہوں کہ ابا جی آ کر پکڑ لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہوتا ہے، "ذرا خبروں کی ہیڈلائنز چیک کرنی ہیں۔" لیکن پھر یوٹیوب پر کچھ "اہم" ویڈیوز دیکھنے لگتے ہیں۔ ان ویڈیوز کو دیکھتے دیکھتے جب وہ "طنز و مزاح" کی ویڈیوز پر پہنچ جاتے ہیں تو مجھے بھی شک ہونے لگتا ہے کہ شاید خبروں کا بہانہ تو صرف موبائل پکڑنے کے لئے تھا!

جب شام میں بچے میری طرف آتے ہیں تو میری بیٹری ختم ہونے کے قریب ہوتی ہے۔ بچوں کے ہاتھ میں آتے ہی مجھے لگتا ہے کہ میرے اوپر بجلی کا کرنٹ لگایا گیا ہے! موبائل گیمز کا آغاز ہوتا ہے اور میرے دماغی پروسیسر کا امتحان شروع ہو جاتا ہے۔ یہ چھوٹے چھوٹے ہاتھ گویا کہ میری سانسیں روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے ہاتھوں میں میرا وجود اس قدر محصور ہو جاتا ہے کہ میں چارجنگ کی درخواست کرنے کے قابل بھی نہیں رہتا۔

بس رات ہوتے ہی میری کچھ "چُھٹکارا" کی امید جاگتی ہے کہ شاید میں کچھ دیر سکون سے رہ سکوں گا۔ مگر اس وقت ابو کو یاد آتا ہے کہ "گھڑی میں الارم سیٹ" کرنا ہے، اور امی کو "رات کی دعا" سننی ہے۔

یوں میں، ایک اکلوتا موبائل فون، ہر دن اس گھریلو جنگ کا حصہ بن کر صبح سے رات تک تھک جاتا ہوں۔ میری 

خواہش ہے کہ مجھے بھی کبھی چھٹی ملے، لیکن لگتا ہے اس گھر میں میرے نصیب میں بس یہی غلامی ہے!


کہانی : وقت کا پہیہ

عنوان کہانی : وقت کا پہیہ



ایک دفعہ کا ذکر ہے کراچی کے علاقے کینٹ میں ایک شخص رہتا تھا۔ اس کا نام علی تھا۔ وہ ایک دفتر میں کام کرتا تھا۔ علی کی شادی کے دو سال بعد اس کے گھر میں خوشیوں کا سماں تھا۔ اس کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ میاں بیوی دونوں اللہ کے اس انعام پر بے حد خوش تھے۔

 علی دن رات ننھے حسان کے گرد گھومتا اور اس کی ہر ضرورت کا خیال رکھتا۔ جب حسان نے پہلا قدم اٹھایا تو علی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔ وقت گزرتا گیا، اور وہ دن بھی آیا جب حسان نے علی کو "ابو" کہہ کر پکارا۔ علی کے لیے یہ دنیا کی سب سے خوبصورت آواز تھی۔

علی کا معمول تھا کہ وہ شام کو حسان کو کھانا کھلاتا۔ کبھی حسان ضد کرتا، تو کبھی ہنستے ہوئے کھانے کے بہانے بناتا۔ علی بڑی محبت سے چمچ پکڑ کر اسے کھلاتا اور کہتا، "ایک نوالہ ابو کے لیے!"

سال گزرتے گئے، اور حسان جوان ہو گیا۔ علی کے چہرے پر بڑھاپے کی جھریاں نمودار ہونے لگیں، لیکن وہ ہمیشہ اپنے بیٹے کے لیے دعاگو رہتا۔ اب علی کے ہاتھ کانپنے لگے تھے، اور چلنا بھی مشکل ہو گیا تھا۔ ایک دن حسان نے علی کے ہاتھ سے چمچ لیتے ہوئے کہا، "ابو، اب میں آپ کو کھلاؤں گا، جیسے آپ نے بچپن میں مجھے کھلایا تھا۔"

حسان نے علی کو اسی محبت اور خیال سے کھانا کھلایا جیسے علی نے اسے بچپن میں کھلایا تھا۔ علی کی آنکھوں میں آنسو تھے، لیکن یہ آنسو خوشی کے تھے کہ اس کا بیٹا اس کے بڑھاپے میں اس کا سہارا بن گیا تھا۔

یہ کہانی ہمیں سکھاتی ہے کہ زندگی کا پہیہ گھومتا ہے۔ والدین ہمیں بچپن میں سنبھالتے ہیں، اور ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے والد بن کر بڑھاپے میں ان کی خدمت کریں۔ کیونکہ وقت ہمیں وہی لوٹاتا ہے جو ہم دوسروں کے ساتھ کرتے ہیں۔


Thursday, January 8, 2026

غزل نمبر 1: فقیرانہ آئے صدا کر چلے

 غزل نمبر 1:   فقیرانہ آئے صدا کر چلے

شاعر : میر تقی میرؔ

سوال نمبر 1: میر تقی میرؔ    کے اندازِ بیان کی چند خصوصیات تحریر کیجیے ۔

جواب:

سادگی اور سلاست:   میر ؔ کا کلام اپنی سادگی اور سلاست کی وجہ سے مشہور ہے۔ انہوں نے اپنی شاعری میں سادہ اور سلیس زبان کا  استعمال کیا ہے۔

 سوز و گداز:  انکے کلام میں سوز و گداز پایا جاتا ہے۔  انہوں نے زمانے تلخیوں اور دکھوں کو اس طرح  بیان کیا ہے کہ  پڑھنے والے پر بھی رقت طاری ہو جاتی ہے۔

 ترنم اور حسنِ تغزل: ترنم اور حسنِ تغزل میر ؔ کے کلام کی نمایاں خوبیاں ہیں۔ میر غالباً واحد ایسا شاعر ہے کہ ناسخ ،ذوق اور غالب جیسے اساتذہ سے لے کر جدید دور تک کے شعرا نے رنگ میر اپنانے کی کوشش کی مگر اس میں ناکامی کا اعتراف بھی کیا۔

 وارداتِ قلبی کا اظہار:  میرؔ نے اپنی شاعری  میں دلی کیفیات اور جذبات  کو انتہائی لطیف انداز میں پیش کیا ہے۔ انکی باتیں دل سے نکلتی اور دل پر اثر کرتی  ہیں۔

 

سوال نمبر2:  میر تقی میرؔ   کو"خدائے سخن " کیوں کہا جاتا ہے؟

جواب:

میر تقی میر کو "خدائے سخن" کا لقب اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ:

خدائے سخن کا مطلب ہے باکمال کلام کہنے والا۔ میر تقی میر اردو شاعری میں ایک عظیم مقام رکھتے ہیں۔

ان کی شاعری میں ایک غیر معمولی گہرائی، احساسات کی شدت اور زبان کی خوبصورتی پائی جاتی ہے۔

ان کی شاعری میں انسانی جذبات، خاص طور پر غم، درد، محبت، اور تنہائی کے احساسات کو بڑی لطافت اور مہارت سے بیان کیا گیا ہے۔

ان کا اسلوب بیان انتہائی منفرد اور سادہ تھا، جس نے اردو ادب کو ایک نئی جہت دی۔

ان کی غزلوں میں زندگی کی تلخ حقیقتوں، عشق کی ناکامیوں اور جذباتی پیچیدگیوں کا عمیق اظہار ملتا ہے۔

انہیں "خدائے سخن" کہنا ان کی شاعری کی اس عظمت، فنی کمالات، اور اردو ادب پر ان کے گہرے اثرات کا اعتراف ہے۔

میؔر غالباً واحد ایسا شاعر ہے کہ ناسخ ،ذوق اور غالب جیسے اساتذہ سے لے کر جدید دور تک کے شعرا نے رنگ میر اپنانے کی کوشش کی مگر اس میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔

سوال: میر تقی میر کی غزل کی تشریح بیان کیجیے۔

شعر نمبر 1: اپنی غزل  کے اس شعر میں   میر ؔ اپنی زندگی کے غموں کا اظہار کرنا چاہتا ہے۔ شاعر نے اپنی زندگی میں بہت دشواریاں دیکھی ہیں۔ اس کو محبت میں ناکامی ہوئی غربت کی مار ، یتیمی کی زندگی اور اپنے سوتیلے بھائیوں کی  دھتکار  کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ اس لیے اُس نے  لوگوں سے کہا کہ میں  فقیروں کی طرح اس دنیا میں آیا تھا اور دوسروں کو دعائیں دیتے ہوئے اس دنیا سے جا رہا ہوں۔ میرے پاس دوسروں کو دینے کیلیے کچھ نہیں سواۓ دعاؤں کے،   خدا کرے جن دکھوں کا مجھے سامنا کرنا پڑا ہے وہ کسی اور کو نہ دیکھنا نصیب ہوں۔

شعر نمبر 2:  شاعر میر تقی میرؔ   اس شعر میں اپنے مجازی محبوب سے  کہتا ہے کہ میں نے تم سے وعدہ کیا تھا کہ  ہمیشہ تمھا را ساتھ دوں گا، تمھارے بغیر میں زندہ نہیں رہوں گا، ہم ایک ساتھ جئیں گے  اور ساتھ مریں گے۔ اب  چونکہ تم نے بے وفائی کی ہے اور مجھے چھوڑ دیا ہے لیکن میں اپنے عہد  پر ابھی بھی قائم ہوں۔ اپنے کیے گئے وعدے کے مطابق اس دنیا کو چھوڑ کر جا رہا ہوں۔ کیونکہ اگر میری زندگی میں تو نہیں ہے تو پھر میرا جینا کس کام کا؟

شعر نمبر 3:  اپنی غزل  کے اس شعر میں   میر ؔ  اپنے محبوب کی بے رخی اور بے وفا ئی کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ اے محبوب!  میری قسمت میں تیری محبت نہ تھی۔  تجھے  پانے کیلیے  میں نے لاکھ جتن کیے تھے ،  تجھے راضی رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن میں ناکام رہا۔  جس طرح ایک مریض بیماری سے بچنے کیلیے علاج معالجے کی حتیٰ المقدور  کوشش کرتا ہے  لیکن  اگر اس کے مقدر میں شفا لکھی ہو تو ہی  وہ صحتیاب  ہو تا ہے۔ شاعر کہتا ہے کہ میں بھی مریض ِ عشق تھا ۔ میں نے اس بیماری  سے شفا پانے کی بھر پور کوشش کی لیکن میرے نصیب کھوٹے نکلے۔ اس کا مجھے بہت غم ہے لیکن میرے دل کو اتنی تسلی تو ضرور ہے کہ کم ازکم میں نے اپنی بساط کے مطابق کوشش تو  ضرور کی ہے آگے اللہ کی مرضی تھی۔

شعر نمبر 4: اپنی غزل کے اس شعر میں میرؔ کہتا ہے کہ اللہ نے انسان کو اپنی عبادت اور بندگی کیلیے پیدا کیا ہے اور انسان کی  زندگی  کا  اولین مقصد خدا کی رضا کا حصول  ہونا  چاہیے۔ اسی لیے میں  خدا کے حضور سجدہ ریز ہوں اور ہمیشہ اسی کے سامنے جھکنے کو پسند کروں گا۔  کاش میرے سجدے قبولیت کا درجہ پا لیں اور خدا مجھ سے  راضی ہو جائے۔

شعر نمبر 5: اپنی غزل کے اس شعر میں میرؔ  اپنے دکھوں کو بیان کرتے ہوئے کہتا ہے کہ میں نے ساری زندگی ہمیشہ  مصائب کا ہی سامنا کیا ہے۔  لیکن اس بات کی خوشی ہے کہ میرے دوستوں  کو  ایسے دن دیکھنے نہیں پڑے۔   خدا کا شکر ہے میرے احباب ان  مصائب سے آزاد ہیں اور خیریت کی زندگی گزارتے  رہے ہیں۔ اگر کبھی کسی کو کوئی تکلیف پہنچی  بھی تو اس نے اس کا مجھ پر اظہار نہیں کیا۔ افسوس کہ ایک میں ہی ہوں جو اپنے تمام دکھوں کے قصے سب کو سناتا رہا ہوں جبکہ انھوں نے میرے سامنے کبھی  اُف تک نہ کی  ۔

شعر نمبر 6:  اپنی غزل کے اس شعر میں میرؔ کہتا ہے کہ میری ساری زندگی آوارگی ، دیوانگی اور دنیا داری میں گزر گئی  ہے ۔ اللہ نے انسانوں کو محض  اپنی عبادت کیلیے  پیدا کیا ہے۔ اس کے ذمہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی ہے۔ اب روزِ آخرت جب حساب کتاب  ہوگا اور  مجھ سے  پوچھا جائے  گا کہ میں نے اس دنیا میں آکر کیا کام کیے ہیں؟   تو  مجھے فکر لاحق ہو گئی ہے کہ میں وہاں کیا منہ دکھاؤں گا؟ کیا جواب دوں گا ، کرنا کیا تھا اور ساری زندگی کیا کرتے گزری ہے،  میں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا  ہے کہ رہتی نسل تک مجھے یاد رکھا جائے۔  میر ؔ عاجزی کا اظہار کرتے ہوئے ایسا کہتا ہے   جبکہ انکا شاعرانہ کلام ہی ایسا ہے کہ ہم انہیں آئندہ زندگی میں یاد رکھیں گے۔

 

نوٹس پڑھنے والوں کی تعداد

Followers

Search This Blog

حصہ نظم جماعت نہم

حصہ غزل جماعت دہم

Search

Search results

جملہ حقوق بحق ایڈمن محفوظ ہیں۔. Powered by Blogger.

تصاویر برائے اردو تخلیقی تحریر

فیچر پوسٹ

نمونہ تبصرہ نگاری بعنوان جشنِ آزادی منانے کے تقاضے

سوال: فیصل آباد میں جشن آزادی کے موقع پر ون ویلنگ اور سائیلنسر نکال کر موٹر سائیکل چلانے پر 800 سے زائد موٹر سائیکل بند ، جب کہ 50 موٹر سائی...