مصنف: ابنِ انشاء
صنفِ سُخن/ادب: طنزو مزاح
ماخذ: اُردو کی آخری کتاب
سبق ابتدائی حساب کا مرکزی خیال:
سبق "ابتدائی حساب" کا مرکزی خیال یہ ہے کہ ابنِ انشاء نے ریاضی کے سادہ قواعد (جمع، تفریق، ضرب، تقسیم) کو مزاحیہ پیرائے میں بیان کرکے معاشرتی ناانصافیوں، معاشی مسائل، سیاسی چالبازیوں اور سماجی تضادات کو بے نقاب کیا ہے۔ وہ دکھاتے ہیں کہ حساب کے یہ اصول زندگی کے مختلف پہلوؤں میں الگ الگ اور اکثر منفی انداز میں برتے جاتے ہیں۔ ان کی تحریر ہمیں ہنساتے ہنساتے یہ سوچنے پر مجبور کر دیتی ہے کہ اصل مسئلہ اعداد نہیں بلکہ انسانی رویے اور نظام کی ناہمواریاں ہیں۔
صنف سخن طنزو مزاح کی تعریف :
طنزو مزاح ادب کی وہ صنف ہے جس میں معاشرتی برائیوں اور خامیوں کو ہنسی مذاق کے انداز میں پیش کیا جاتا ہے تاکہ قاری محظوظ (لطف اندوز) بھی ہو اور اصلاح کی طرف متوجہ بھی ہو۔
مصنف ابنِ انشاء کے انداز بیان کی چندخصوصیات :
طنزو مزاح کا عنصر: ان کی تحریرات میں طنزو مزاح پایا جاتا ہے ۔ وہ ہنسی مذاق کے پیرائے میں سنجیدہ حقائق اور معاشرتی مسائل بیان کرتے ہیں۔
سادہ زبان و بیان: ان کی تحریرات میں سادگی اور روانی پائی جاتی ہے۔مشکل الفاظ کے بجائے سادہ انداز ملتا ہے جو ہر قاری کو فوراً متاثر کرتا ہے۔
ماحول کی عکاسی: ان کی تحریرات میں ماحول کی عکاسی پائی جاتی ہے ۔ وہ عام زندگی کے چھوٹے چھوٹے واقعات کو دلکش انداز میں بیان کرتے ہیں۔
مقصدیت اور اصلاحی انداز: ان کے طنز و مزاح میں محض ہنسی نہیں بلکہ گہری فکر اور معاشرتی اصلاح کا پہلو بھی پوشیدہ ہوتا ہے۔
سوال: پطرس بخاری اور ابن انشاء کے طنزو مزاح کا موازنہ کیجیے۔
جواب:
پطرس بخاری | ابنِ انشاء |
ان کا طنزو مزاح زیادہ تر ہلکا پھلکا، شگفتہ اور روزمرہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی کمزوریوں پر مبنی ہے۔ وہ قاری کو زور دار قہقہے پر مجبور کرتے ہیں اور ان کی تحریروں میں شگفتگی کا پہلو زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔ | ان کے طنزو مزاح میں ہنسی کے ساتھ ساتھ گہری فکر اور اصلاحی پہلو نمایاں ہے۔ وہ سماجی ناہمواریوں، سیاسی تضادات اور قومی مسائل پر چوٹ کرتے ہیں اور قاری کو سوچنے پر بھی مجبور کرتے ہیں۔ |
مصنف ابن انشاء کا مختصر تعارف :
ابنِ انشاء کا اصل نام شیر محمد خان تھا۔ وہ 15 جون 1927ء کو ضلع جالندھر (بھارت) میں پیدا ہوئے۔ تقسیم ہند کے بعد پاکستان آگئے اور عملی زندگی میں استاد، مترجم، ادیب اور اقوامِ متحدہ میں ملازمت کی۔ وہ اپنے دلکش اسلوب، طنزو مزاح پر مبنی نثر اور منفرد شاعری کی وجہ سے شہرت حاصل کر گئے۔ ان کی کتابیں اردو کی آخری کتاب، خمار گندم، ابن بطوطہ کے تعاقب میں اور غزل انشاء جی اٹھو اب کوچ کرو انہیں اردو ادب میں ہمیشہ زندہ رکھیں گی۔ ابنِ انشاء کا انتقال 11 جنوری 1978ء کو لندن میں ہوا، جہاں وہ کینسر کے علاج کے لیے گئے تھے۔
تفہیمی سوالات اور جوابات:
سوال 1: ابنِ انشاء نے جمع کے قاعدے کو مہنگائی کے ساتھ کیوں جوڑا ہے؟
جواب: کیونکہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کی آمدنی خرچ ہو جاتی ہے اور کوئی چیز جمع نہیں ہو پاتی۔
سوال 2: عام آدمی کے لیے 1+1=1.5 کیوں قرار دیا گیا ہے؟
جواب: اس لیے کہ اس میں سے آدھی رقم انکم ٹیکس والے لے جاتے ہیں۔
سوال 3: تجارت کے قاعدے سے "1+1=11" کا کیا مطلب ہے؟
جواب: تاجر معمولی چیز کو بڑا کرکے دکھاتے ہیں اور فائدہ بڑھا لیتے ہیں، اسی کو مزاحیہ انداز میں "1+1=11" کہا گیا ہے۔
سوال 4: زبانی جمع خرچ کو ملک کے مسائل کے حل سے کیوں جوڑا گیا؟
جواب: کیونکہ اکثر ملکوں میں مسائل عملی طور پر نہیں بلکہ صرف دعوؤں اور وعدوں کی حد تک حل کیے جاتے ہیں۔
سوال 5: تفریق کے ذریعے ابنِ انشاء نے کس سماجی مسئلے کی طرف اشارہ کیا ہے؟
جواب: قوم، زبان اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں فرقہ واریت اور تفرقے کو نمایاں کیا ہے۔
سوال 6: بعض اعداد ازخود نکل جاتے ہیں اور بعض کو ڈنڈے مار کر نکالنے کی بات سے کیا مراد ہے؟
جواب: اس سے مراد یہ ہے کہ بعض لوگ خود ہی الگ ہو جاتے ہیں لیکن بعض کو زبردستی نکالا جاتا ہے، جیسے معاشرتی یا سیاسی دھکیلا جانا۔
سوال 7: ابنِ انشاء کے نزدیک زیادہ جمع کرنے والوں ہی کو زیادہ تفریق کیوں سہنی پڑتی ہے؟
جواب: کیونکہ جو لوگ دولت یا طاقت زیادہ جمع کرتے ہیں، وہی زیادہ جھگڑوں اور اختلافات کا شکار ہوتے ہیں۔
سوال 8: عام لوگ تفریق کے قاعدے کو کیوں ناپسند کرتے ہیں؟
جواب: کیونکہ اس سے کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلتا، صرف اختلاف اور نقصان ہوتا ہے۔
سوال 9: ضرب کی مختلف اقسام بیان کرنے سے مصنف نے کیا طنزیہ پہلو اجاگر کیا؟
جواب: اس سے ظاہر کیا کہ معاشرے میں "ضرب" صرف ریاضیاتی نہیں بلکہ مارپیٹ اور ظلم کی شکل میں زیادہ استعمال ہوتی ہے۔
سوال 10: "علامہ اقبال کی ضرب کلیم" کو عام ضربوں سے کیوں الگ کہا گیا ہے؟
جواب: کیونکہ وہ فکری و ادبی ضرب تھی جس کا تعلق اصلاحِ معاشرہ اور بیداری سے تھا۔
سوال 11: تقسیم کے ضمن میں "اندھوں کا ریوڑیاں بانٹنا" اور "بندر کا بلیوں میں روٹی بانٹنا" جیسے استعارے کس حقیقت کو بیان کرتے ہیں؟
جواب: یہ استعارے ناانصافی اور غیر منصفانہ تقسیم کی حقیقت کو طنزیہ طور پر ظاہر کرتے ہیں۔
سوال 12: ابنِ انشاء کے مطابق "حقوق اپنے پاس رکھنا اور فرائض دوسروں پر ڈال دینا" کس قسم کی تقسیم ہے؟
جواب: یہ ظالمانہ اور غیر منصفانہ تقسیم ہے جو اکثر حکمران طبقے اپناتے ہیں۔
سوال 13: 22 خاندانوں کا 12 کروڑ کی دولت آپس میں بانٹ لینا کس سماجی حقیقت کی طرف اشارہ ہے؟
جواب: یہ پاکستان کے سیاسی و معاشی طبقے پر طنز ہے کہ دولت چند خاندانوں میں تقسیم ہے اور عام آدمی بے خبر رہ جاتا ہے۔

No comments:
New comments are not allowed.