سبق: کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ
مصنف : ڈپٹی نذیر احمد دہلوی
صنف ادب: ناول
(ناول ایک طویل افسانوی نثر ہوتی ہے جس میں کردار، واقعات اور ماحول کی تفصیل ہو۔)
سوال: سبق " کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ " کا مرکزی خیال لکھیے۔
جواب: ڈپٹی نذیر احمد دہلوی کے ناول " کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ" کا مرکزی خیال یہ ہے کہ ظاہری چمک دمک اور باتوں کے فریب میں آکر کسی کی حقیقت پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی ناول میں تکبر ، خود پسندی، معاشرتی دکھاوا، اور جھوٹے تعلقات کی بھی سخت مذمت کی گئی ہے، کیوں کہ یہ انسان کو ذلت و رسوائی کے گڑھے میں گرا دیتی ہیں۔
سوال: ڈپٹی نذیر احمد دہلوی کے انداز بیان کی چند اہم خصوصیات تحریر کیجیے۔
جواب:
1۔ مقصدیت اور اصلاحی انداز: ڈپٹی نذیر احمد کے ناول محض کہانیاں نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح کا پیغام ہیں۔ وہ اپنے کرداروں کے ذریعے قاری کو نیکی، دیانت داری اور سچائی کی تلقین کرتے ہیں۔ ان کی تحریر کا مقصد انسان کو اپنی خامیوں کا احساس دلانا اور معاشرے میں اخلاقی بیداری پیدا کرنا ہے۔
2۔ بہترین کردار نگاری: ان کے کردار جیتے جاگتے انسانوں کی طرح قاری کے ذہن میں نقش ہو جاتے ہیں۔ ہر کردار اپنی فطرت، زبان اور عمل سے منفرد اور حقیقی محسوس ہوتا ہے۔ مثلاً " مرزا ظاہر دار بیگ " کی چرب زبانی اور "کلیم " کی سادگی دونوں حقیقت کے قریب تر ہیں۔
3- مکالماتی انداز: ڈپٹی نذیر احمد کے مکالمے قدرتی، رواں اور روز مرہ زبان کے قریب ہوتے ہیں۔ انھوں نے مکالموں کے ذریعے کرداروں کی ذہنی کیفیت،
اخلاق اور مزاج کو ظاہر کیا۔ قاری کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ خود محفل میں بیٹھ کر گفتگو سن رہا ہو۔
4- طنز و مزاح کا عنصر : ان کی نثر میں طنز و مزاح شگفتہ ، شائستہ اور اصلاحی نوعیت کا ہوتا ہے۔ وہ کرداروں کی خامیوں پر ہنسی کے پیرائے میں تنقید کرتے ہیں تا کہ قاری لطف بھی لے اور سبق بھی حاصل کرے۔ ان کے مزاح میں سنجیدگی چھپی ہوتی ہے جو سوچنے پر مجبور کر دیتی ہے۔
5۔ ماحول کی عکاسی یا منظر کشی:
نذیر احمد نے اپنے ناولوں میں دہلی کے سماجی، گھر یلو اور ثقافتی ماحول کو حقیقت کے ساتھ پیش کیا۔ گھروں، گلیوں، محفلوں اور معاشرتی رویوں کی منظر کشی نہایت دل چسپ اور مؤثر ہے۔ ان کے مناظر قاری کو اس زمانے کے معاشرتی پس منظر میں پہنچا دیتے ہیں۔
سبق کے چند اہم تفہیمی سوالات:
سوال 1: کلیم اور مرزا ظاہر دار بیگ میں تعارف کہاں ہوا؟
جواب: کلیم اور مرزا کا تعارف ایک مشاعرے کی محفل میں ہوا۔
سوال 2: کلیم اور مرزا میں دوستی کی نوعیت کیا تھی ؟
جواب: دونوں میں اس قدر دوستی ہو گئی تھی کہ گویا ایک جان دو قالب تھے۔
سوال 3: کلیم کو مرزا کی اصلی حالت کا علم کب اور کیسے ہوا؟
جواب: جب کلیم مرزا کے بتائے گئے محل سرا پر گیا اور لونڈیوں سے پوچھا تو اسے معلوم ہوا کہ مرزا کے دعوے سب جھوٹے تھے۔
سوال 4: مرزا ظاہر دار بیگ کہاں رہتا تھا ؟
جواب: وہ جماعہ دار کی محل سرا کے پچھواڑے ایک چھوٹے سے کچے مکان میں رہتا تھا۔
سوال 5: مرزا کلیم کو رات گزارنے کے لیے کہاں لے گیا؟
جواب: مرزانے کلیم کو ایک پرانی، ویران اور گندی مسجد میں ٹھہرایا۔
سوال 6: مسجد کی حالت کیسی تھی؟
جواب: مسجد ویران، بوسیدہ، چمگادڑوں سے بھری اور ان کی بیٹوں سے آلودہ تھی۔
سوال 7: مرزا نے چراغ کیوں نہ بھیجا؟
جواب: مرزانے بہانہ کیا کہ روشنی سے ابابیل کرنے لگیں گی اور کلیم کو تکلیف ہو گی۔
سوال 8: مرزانے کلیم کو کھانے کے لیے کیا دیا؟
جواب: مرزا نے چنے کی دال بھنوا کر لانے کا کہا، مگر تھوڑے سے بھنے ہوئے چنے لا کر خوشامدی انداز میں پیش کیے۔
سوال 9: مرزانے بھنے ہوئے چنوں کی تعریف کس طرح کی؟
جواب: مرزا نے چنوں کی خوشبو، رنگت اور ساخت کی ایسی تعریف کی جیسے کوئی نفیس اور لذیذ کھانا ہو۔
سوال 10: کلیم کا کیا حال ہو ا جب وہ صبح بیدار ہوا ؟
جواب: وہ مسجد کے فرش پر گندگی اور گرد سے لتھڑا ہو ا تھا، اور مرزا کا کہیں پتا نہیں تھا۔
سوال 11: مرزا کے گھر والوں نے کلیم سے کیا سوال کیا ؟
جواب: انہوں نے پوچھا کہ وہ دری اور تکیہ کہاں ہے جو مرزا نے رات بھیجا تھا۔
سوال 12 : مرزا کے نوکر زبردست نے کلیم کے ساتھ کیا سلوک کیا؟
جواب: زبر دست نے کلیم کو چور سمجھ کر پکڑا اور کوتوال کے پاس لے گیا۔
سوال 13: کوتوال نے کلیم کے بیان پر کیا رد عمل ظاہر کیا؟
جواب: کو توال نے کلیم کے حلیے کو دیکھ کر اس کی بات پر یقین نہ کیا اور اسے حوالات میں رکھنے کا حکم دیا۔
سوال 14: کوتوال نے کلیم کے والد کے بارے میں کیا کہا؟
جواب: کوتوال نے کہا کہ وہ نصوح کو جانتا ہے اور کلیم کے والد کا ذکر درست ہے، مگر کلیم جیسی حالت والا شخص اس کا بیٹا نہیں لگتا۔
سوال 15 : سپاہیوں نے کلیم کو کہاں لے جایا ؟
جواب: سپاہیوں نے کلیم کو اس کے والد میاں نصوح کے پاس لے جایا تا کہ تصدیق ہو سکے۔
سوال 16 : میاں نصوح نے بیٹے کو دیکھ کر کیا کہا ؟
جواب: انہوں نے صبر و تحمل سے کہا: "میں اس کے فرزند ہونے سے انکار کیسے کر سکتا ہوں؟" اور " اناللہ وانا الیہ راجعون ” پڑھا۔
سوال 17: اس واقعے سے ناول کا کیا اخلاقی سبق ملتا ہے ؟
جواب: ناول یہ سبق دیتا ہے کہ خود فر ہیں، جھوٹی شان اور بناوٹ کا انجام ذلت ورسوائی ہے، اور سچائی و دیانت ہی حقیقی عزت کا سبب ہیں۔

No comments:
New comments are not allowed.