سبق: اخلاقِ حسنہ
نام مصنف: سید سلیمان ندوی
صنفِ سُخن/ادب: سیرت نگاری
ماخذ: سیرۃ النبی ﷺ
سید سلیمان ندوی کے مضمون " اخلاق حسنہ کا مرکزی خیال یہ ہے کہ اچھے اخلاق انسانی زندگی کی کامیابی کے لیے ضروری ہیں۔ اخلاق حسنہ انسان کو معاشرے میں باوقار بناتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی زندگی بہترین اخلاق کا نمونہ ہے۔ سچائی، صبر ، عدل اور ہمدردی جیسے اوصاف سے انسان کی شخصیت نکھرتی ہے۔ ایک خوشحال اور پر امن معاشرہ اچھے اخلاق ہی کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے۔
مصنف کا تعارف: سید سلیمان ندوی ایک مشہور مسلمان عالم، مؤرخ، سوانح نگار اور ادیب تھے ۔ وہ 1884ء میں بھارت کے شہر دیسنہ (بہار) میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو سے تعلیم حاصل کی اور بعد میں وہیں تدریس سے وابستہ ہوئے۔ ان کی مشہور تصنیف "سیرت النبیﷺ" ہے، جو انہوں نے علامہ شبلی نعمانی کے ساتھ مل کر لکھی۔ سید سلیمان ندوی 1953ء میں کراچی، پاکستان میں وفات پاگئے۔
مصنف سید سلیمان ندوی کے انداز بیان کی چند خصوصیات:
l مقصدیت اور اصلاحی انداز: مصنف سید سلیمان ندوی کی تحریرات میں مقصدیت پائی جاتی ہے ۔ ان کا اولین مقصد مسلمانوں کی تربیت اور اصلاح کرنا ہے۔ان کی تحریریں قارئینکےدلوں پر اثر ڈالتی ہیں اور ان کی کردار سازی میں مدد دیتی ہیں۔
l سادگی وروانی :ان کی زبان آسان اور عام فہم ہوتی ہے۔ جو ہر طبقے کے قاری کو سمجھ آجاتی ہے۔
l مدلل انداز: ان کی تحریرات میں مدلل انداز پایا جاتا ہے۔ وہ اپنی بات کو مضبوط بنانے کے لیے تاریخی و عقلی دلائل پیش کرتے ہیں۔
l ادبی حسن :ان کے اسلوب میں ادبی چمک اور تاثیر پائی جاتی ہے، جو تحریر کو پر اثر اور خوبصورت بناتی ہے۔
سبق اخلاق حسنہ کے مختصر سوالات اور جوابات:
سوال 1: اخلاق سے کیا مراد ہے؟
جواب: اخلاق سے مراد باہم بندوں کے حقوق و فرائض کے وہ تعلقات ہیں جن کا ادا کرنا انسان کے لیے ضروری ہے۔
سوال 2: سب سے پہلا اور اہم تعلق کون سا ہے؟
جواب: سب سے پہلا اور اہم تعلق ماں باپ، اہل و عیال اور عزیزوں رشتہ داروں سے ہوتا ہے۔
سوال 3: انسان کے تعلقات کا سب سے بڑا دائرہ کیا ہے؟
جواب: سب سے بڑا دائرہ وہ تعلقات ہیں جو انسان باقی انسانوں سے قائم کرتا ہے۔
سوال 4: اخلاقی تعلیم کا کیا مقصد ہے؟
جواب: اخلاقی تعلیم کا مقصد انسان کو نیکی، سچائی، عدل، محبت، خیر خواہی اور ہمدردی جیسے اوصاف سکھانا ہے۔
سوال 5: نبی کریم ﷺ کی سیرت میں اخلاق کی کیا اہمیت ہے؟
جواب: نبی کریم ﷺ کی سیرت اخلاق حسنہ کی کامل ترین مثال ہے۔
سوال 6: قرآن مجید نے نبی ﷺ کے اخلاق کے بارے میں کیا فرمایا؟
جواب: قرآن مجید میں فرمایا گیا: "بیشک آپؐ اخلاق کے بلند درجے پر فائز ہیں۔"
سوال 7: نبی کریم ﷺ پر اخلاقی تعلیم کا آغاز کب ہوا؟
جواب: اخلاقی تعلیم کا آغاز آپؐ پر بعثت سے پہلے ہی ہو چکا تھا۔
سوال 8: نبی ﷺ کے رشتہ داروں کا آپؐ کے بارے میں کیا بیان تھا؟
جواب: آپؐ کے رشتہ دار کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا۔
سوال 9: اخلاقی تعلیم کی بنیاد کیا ہے؟
جواب: اخلاقی تعلیم کی بنیاد عدل، انصاف، سچائی اور ہمدردی ہے۔
سوال : نبی کریم ﷺ نے خود کو کن الفاظ میں متعارف کروایا؟
جواب: آپؐ نے فرمایا: "میں اس لیے بھیجا گیا ہوں کہ میں اخلاق حسنہ کی تعلیم مکمل کر دوں۔"
سوال : حضرت جعفر بن ابی طالبؓ نے نجاشی کے دربار میں مسلمانوں کے اخلاق کے بارے میں کیا فرمایا؟
جواب: حضرت جعفرؓ نے فرمایا کہ مسلمان پہلے جاہل، بت پرست اور ظالم تھے، مگر نبی کریم ﷺ کی تعلیم سے وہ سچ بولنے، امانت داری، صلہ رحمی، حسن سلوک اور ظلم سے باز رہنے والے بن گئے۔
سوال : اسلامی تعلیمات اور اسوہ حسنہ نے عربوں کے اخلاق پر کیا اثر ڈالا؟
جواب: اسلامی تعلیمات نے عربوں کو جھوٹ، خیانت، بدکاری، ناپاکی اور ظلم سے نکال کر سچائی، امانت، پاکیزگی اور عدل و انصاف کی راہ پر لگا دیا۔
سوال : نبی کریم ﷺ کے اخلاق سے غیر مسلم کس طرح متاثر ہوئے؟
جواب: نبی کریم ﷺ کے اخلاق سے غیر مسلم بھی بہت متاثر ہوئے، یہاں تک کہ دشمن بھی آپؐ کو صادق و امین کہتے تھے۔
سوال : اسلام کے مطابق اخلاق کی اہمیت کیوں ہے؟
جواب: اسلام میں اخلاق کو ایمان کا لازمی جزو قرار دیا گیا ہے کیونکہ اچھے اخلاق فرد اور معاشرے دونوں کو بہتر بناتے ہیں۔
سوال : انسان کی ظاہری عبادات کی قبولیت کے لیے اخلاق کیوں ضروری ہے؟
جواب: اگر انسان کا اخلاق درست نہ ہو تو اس کی عبادات، روزہ، نماز سب بے اثر ہو سکتے ہیں کیونکہ اخلاقی بگاڑ عبادات کے اثر کو زائل کر دیتا ہے۔
سوال : ایمان کی سب سے اعلیٰ اور ادنیٰ شاخ کون سی ہے؟
جواب: ایمان کی سب سے اعلیٰ شاخ توحید کا اقرار ہے اور ادنیٰ شاخ یہ ہے کہ راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹا دیا جائے تاکہ دوسروں کو تکلیف نہ ہو۔
سوال : کامل مومن ہونے کے لیے کون سی شرط بیان کی گئی ہے؟
جواب: کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے بھائی کے لیے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے کرتا ہے۔
سوال : اچھے مسلمان کی پہچان کیا بیان کی گئی ہے؟
جواب: اچھا مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔
سوال : ایمان کی تین نمایاں علامتیں کون سی ہیں؟
جواب: (1) حق بات کے سامنے جھگڑنے سے باز رہنا، (2) جھوٹ سے بچنا، (3) تقدیر پر یقین رکھنا کہ جو ہونا ہے، وہ ہو کر رہے گا۔
سوال: نبی کریم ﷺ کے نزدیک سب سے بہتر اسلام کیا ہے؟
جواب: سب سے بہتر اسلام یہ ہے کہ بھوکوں کو کھانا کھلایا جائے اور جانے انجانے ہر ایک کو سلام کیا جائے۔
سوال: مومن کی کون سی صفات قابلِ تعریف ہیں؟
جواب: مومن وہ ہے جو دوسروں سے محبت کرے اور جس سے لوگ محبت کریں، وہ طعنہ زن، بد زبان یا گالی دینے والا نہیں ہوتا۔
سوال : نبی کریم ﷺ نے مسلمان بھائی کے ساتھ کیا سلوک کرنے کی تعلیم دی ہے؟
جواب: مسلمان، دوسرے مسلمان کا بھائی ہے؛ نہ اس پر ظلم کرتا ہے، نہ گالی دیتا ہے، اور اگر وہ مشکل میں ہو تو اس کی مدد کرتا ہے۔
سوال: اپنی زندگی کا کوئی ایسا واقعہ تحریر کیجیے جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلّم کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے آپ نے کسی دوست کے ساتھ حسن خلق کا سلوک کیا ہو؟
ایک بار ہمارے محلے کے ایک غریب بچے کے اسکول کی فیس جمع نہ ہو سکی۔ وہ بہت پریشان تھا اور رونے لگا۔ مجھے نبی کریم ﷺ کی سیرت یاد آئی کہ آپؐ غریبوں کی دل کھول کر مدد کیا کرتے تھے۔میں نے اپنی جیب خرچ سے کچھ پیسے دیے اور اپنے والد سے بھی مدد کی درخواست کی۔ ہم دونوں نے مل کر اس کی فیس جمع کروا دی۔
اگلے دن وہ بچہ خوشی خوشی اسکول آیا اور اس کی آنکھوں میں تشکر کے آنسو تھے۔ مجھے دلی سکون ملا کہ میں نے رسول ﷺ کے اخلاق پر عمل کرتے ہوئے کسی کی ضرورت پوری کی۔
نیا سلیبس بمطابق آغا خان بورڈ (درسی کتاب : وفاقی ٹیکسٹ بک بورڈ اسلام آباد)

No comments:
New comments are not allowed.